یو اے ای : کیا نجی شعبے کے ملازمین سٹڈی لیو لے سکتے ہیں؟
نجی شعبے کے صرف وہ ملازمین چھٹی لے سکتے ہیں جنہوں نے آجر کے ساتھ کم از کم دو سال کی سروس مکمل کی ہو۔

متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے ملازمین امتحانات میں بیٹھنے کے لیے سالانہ 10 دن کی چھٹی تنخواہ سمیت لے سکتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق، اس طرح کی سالانہ مطالعاتی چھٹی کا قانون صرف ان ملازمین پر لاگو ہوتا ہے جنہوں نے آجر کے ساتھ کم از کم دو سال کی سروس مکمل کی ہو۔
ویب سائٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک ملازم، جو متحدہ عرب امارات کے کسی سند یافتہ تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم ہے، امتحانات میں بیٹھنے کے لیے ہر سال 10 دن کی تنخواہ کی چھٹی کا حقدار ہے۔
واضح رہے کہ سالانہ چھٹیوں کے علاوہ، نجی شعبے کے ملازمین شریک حیات کی موت کی صورت میں پانچ دن اور والدین، بچے، بہن بھائی، پوتے یا دادا دادی کی موت کی صورت میں تین دن کی سوگوار چھٹی بھی لے سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ نجی شعبے میں خواتین ملازمین 60 دن کی زچگی کی چھٹی لے سکتے ہیں۔ اس میں سے 45 دن کی چھٹی مکمل تنخواہ کے ساتھ ہو گی اور 15 دن چھٹی آدھی تنخواہ کے ساتھ ہوگی۔
واضح رہے کہ اوپر دی گئی زچگی کی چھٹی کے علاوہ، خواتین ملازمین بغیر تنخواہ کے اضافی 45 چھٹیاں لے سکتی ہیں۔ اگر خواتین کو حمل یا بچے کی پیدائش کے نتیجے میں کوئی بیماری ہو، اور وہ دوبارہ کام شروع کرنے سے قاصر ہو تو وہ میڈیکل اتھارٹی سے جاری کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کروا کر اضافی 45 چھٹیاں لے سکتی ہیں۔