ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی

بنگلور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے قومی ٹیم کو 402 رنز کا ہدف دیا۔

ورلڈ کپ کے 35 ویں اور اہم ترین میچ میں فخر زمان کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔بارش سے متاثرہ میچ کا فیصلہ ڈی ایل میتھڈ کے تحت ہوا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی قومی ٹیم کو 402 رنز کا ہدف دیا تھا. بارش سے متاثرہ اس میچ میں پاکستان ٹیم نے 26 ویں اوور تک ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور قومی ٹیم ڈی ایل میتھڈ کے باعث 21 رنز سے جیت گئی۔

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری تھی کہ پہلی مرتبہ بارش آنے سے قبل 21 اعشاریہ 3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پاکستان ٹیم نے 160 رنز بنائے۔ میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈی ایل میتھڈ کے تحت 9 اوورز کی کٹوتی کردی گئی، یوں پاکستان کو جیت کے لیے 117 گیندوں پر مزید 182 رنز درکار تھے۔

فخر زمان نے طوفانی بیٹنگ کی تاہم جب میچ دوبارہ بارش کے باعث روکا گیا تو پاکستان اس وقت ڈی ایل میتھڈ کے تحت 21 رنز آگے تھا اور یہیں پر قسمت نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا ساتھ دیا.

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کی پہلی وکٹ صرف 6 رنز پر گر گئی تھی۔ تاہم اسکے بعد فخر زمان اور بابر اعظم کی 194 رنز کی پارٹنرشپ نے میچ کا رخ بدل کر رکھ دیا. فخر زمان نے 81 گیندوں پر 126 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ دوسری جانب کپتان بابر اعظم نے 63 گیندوں پر 66 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.